تلنگانہ کے وزیر ٹی ناگیشور راؤ کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے امراوتی میں ملاقات کی جس میں دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی اور تقسیم سے متعلق زیر التواء مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آندھراپردیش کی تقسیم کے 12 سال مکمل ہوچکے ہیں، تاہم تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان بعض سرحدی امور تاحال حل طلب ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران سرحدی تنازعات کے سبب دونوں ریاستوں کے درمیان سیاسی ماحول کئی بار کشیدہ رہا ہے جس سے مسائل کے حل میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔ تاہم تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے قیام کے بعد باہمی روابط میں بہتری آئی ہے اور تقسیم سے متعلق امور کو مرحلہ وار حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پانی کی تقسیم جیسے معاملات ، عدالتوں اور ٹریبونلس میں زیر سماعت ہیں جبکہ دیگر انتظامی مسائل کو بات چیت کے ذریعہ طئے کیا جارہا ہے۔ دونوں قائدین اس ملاقات میں مشترکہ ضلع کھمم کے حدود سے متعلق تنازعات پانچ گرام پنچایتوں کے انضمام ، پدا واگو پراجکٹ ، ریلوے لائینوں اور قومی شاہراؤں کے کاموں پر بھی غور کیا گیا۔ 2