تلنگانہ کے وفد کا جنوبی کوریا کے شہر انچیان میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ

   

موسیٰ ندی کے گندے پانی کو اسی طرز پر صاف و شفاف بنایا جائے گا ، عوام کی ضروریات کے لیے استعمال کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( اسماعیل احمد سیول سے ) : وزیر اطلاعات پی سرینواس ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ کے وفد نے جس میں عوامی نمائندے ، عہدیدار اور صحیفہ نگار شامل ہیں ۔ آج جنوبی کوریا کے شہر انچیان میں واقع سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا ۔ ٹیم لیڈر کم یانگ سونے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ سیوریج ٹریٹمنٹ میں اڈوانسڈ ٹکنالوجی کے استعمال کے بارے میں واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ 50 سال پہلے تک جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں سیوریج کو ایک اسٹریم میں چھوڑ دیا جاتا تھا جوہان ندی سے مربوط تھا ۔ 1976 سے سیوریج ٹریٹمنٹ کا آغاز ہوا اور اس طرح گندے پانی کو صاف و شفاف پانی میں تبدیل کیا جانے لگا ۔ اڈوانسڈ ایم ڈی آر ( ممبرین بائیوری ایکٹر ) ٹکنالوجی کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ گندے پانی کو گندگی سے پاک کرتے ہوئے اُس کی صاف و شفاف پانی میں تبدیلی ممکن ہوئی ، جس کو عوام کی ضروریات ، باغیچوں اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جانے لگا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ پونم پربھاکر ، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی اور پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق دانا کشور نے اس پروگرام میں حصہ لیا ۔