ونود کمار نے وجیا سارتھی کو تہنیت پیش کی
حیدرآباد۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سنسکرت اسکالر وجیا سارتھی کو باوقار پدم شری ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ راج بھون میں گورنر کے عصرانے کے موقع پر ونود کمار نے وجیا سارتھی کو تہنیت پیش کی اور ان کی نمایاں خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر ٹی سوندرا راجن نے بھی وجیا سارتھی کو پدم شری ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی اور تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر ونود کمار کی شریک حیات ڈاکٹر بی مادھوی نے بھی وجیا سارتھی کو مبارکباد دی۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت ہند نے تلنگانہ سے تین شخصیتوں کو پدم شری اعزاز کے لیے منتخب کیا ہے۔ ان میں شیٹلر پی وی سندھو اور کسان سی ایچ وینکٹ ریڈی کے علاوہ سنسکرت اسکالر وجیا سارتھی شامل ہیں۔ ونود کمار نے دیگر پدم ایوارڈ یافتگان کو بھی مبارکباد پیش کی اور کیا کہ تینوں شخصیتوں کی انفرادی خدمات دوسروں کے لیے مثال ہے۔ تلنگانہ کے تین سپوتوں نے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ ونود کمار نے دیگر ایوارڈ یافتگان کو بھی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ تلنگانہ سماج کے لیے ان کی خدمات جاری رہیں گی۔