ملرس کیخلاف 79 مقدمات، اتم کمار ریڈی نے محکمہ سیول سپلائیز کی ایک سالہ کارکردگی کو سراہا
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے گذشتہ ایک سال کے دوران محکمہ سیول سپلائیز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے وقت سابق بی آر ایس دور حکومت میں سیول سپلائیز کارپوریشن کا قرض 4747.12 کروڑ سے بڑھ کر 58623.08 کروڑ تک پہنچ گیا۔ گذشتہ ایک سال میں کانگریس حکومت نے 11608 کروڑ کی فراہمی کے ذریعہ قرض کو گھٹا کر 47014.68 کروڑ کیا ہے۔ حکومت ہند کے فوڈ سکریٹری نے حال ہی میں تلنگانہ کا دورہ کیا اور تلنگانہ اسٹیٹ سیول سپلائیز کارپوریشن کی کارکردگی کو سراہا۔ حکومت ہند کے فوڈ سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ دھان کی پیداوار اور عوامی نظام تقسیم کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل رہے گا۔ انڈین کونسل فار ریسرچ آن انٹرنیشنل اکنامک ریلیشن کے حالیہ سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ تلنگانہ میں عوامی نظام تقسیم میں غذائی اجناس کا محض 0.3 فیصد نقصان ہے جبکہ گجرات میں یہ 43 فیصد ہے۔ سابق کے مقابلہ تلنگانہ میں عوامی نظام تقسیم کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے بار بار حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ملرس کے معاملہ کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ ریاست بھر میں 79 کریمنل کیسیس ملرس کے خلاف درج کئے گئے۔ اس کے علاوہ آر آر ایکٹ کے تحت41 ملرس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1069.63 کروڑ کی ریکوری کی کارروائی شروع کی گئی اور تاحال 408 کروڑ وصول کئے گئے۔ وزیر سیول سپلائیز نے کہا کہ تلنگانہ میں چاول کے معیار میں جاریہ سال اضافہ ہوا ہے اور پہلی مرتبہ 11 ریاستوں کو تلنگانہ سے چاول سربراہ کیا گیا۔ دیگر ریاستوں سے بھی تلنگانہ کے چاول کے مطالبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کئی بیرونی ممالک نے تلنگانہ کے چاول کی خریدی میں دلچسپی دکھائی ہے اور G2G ایکسپورٹ اساس پر برآمدات کے خواہاں ہیں۔ وزیر سیول سپلائیز نے بتایا کہ محکمہ کو بہتر کارکردگی کیلئے ایوارڈ بھی حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے سیول سپلائیز کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ محکمہ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کی جاسکے۔1