چھ نئے ایرپورٹس کے لیے اراضیات کی نشاندہی مکمل ، ایر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کا محکمہ عمارات و شوارع کو مکتوب
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں مرکزی حکومت کی فضائی سفر کو سہولت بخش بنانے کی اسکیم ’اڑان‘ کے تحت مجوزہ 6 ائیر پورٹس کے علاقوں میں طوفان بادوباراں اور ان علاقوں میں بارش سے پانی کی سطح کی تفصیلات ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے طلب کرلی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ’ اڑان ‘ منصوبہ کے تحت 6 ائیر پورٹ کے قیام کی تجویز کو منظوری دی ہے اور اس سلسلہ میں اراضیات کی نشاندہی کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری مسلسل بارش اور طوفان بادوباراں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے ریاستی حکومت اور محکمہ عمارات و شوارع کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مجوزہ ائیر پورٹ کے علاقوں میں پانی کی سطح اور ندیوں میں پائے جانے والے بہاؤ کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ سپرٹنڈنگ انجینئیرس کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں کہ وہ ان علاقوں کا باریکی کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے اپنی رپورٹ محکمہ عمارات و شوارع کو روانہ کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے اندرون 15 یوم ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کو تفصیلات روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں جن اضلاع میں ائیرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ان میں ورنگل ‘ عادل آباد ‘نظام آباد‘ بھدادری کوتہ گوڑم‘ پدا پلی کے علاوہ محبوب نگر شامل ہیں ۔گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ریاست تلنگانہ میں غیر متوقع شدید بارش کو دیکھتے ہوئے ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے سیلاب کی صورتحال اور سطح آب کے علاوہ ندیوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان مجوزہ ائیر پورٹس کی تعمیر کے بعد اس طرح کی بارش کی صورتحال میں فضائی سفر کی سہولت کی برقراری اور دیگر امور کا جائزہ لیا جاسکے۔ریاست میں تلنگانہ میں مجوزہ 6نئے ائیر پورٹس میں3براؤن فیلڈ ائیر پورٹ اور3 گرین فیلڈ ائیر پورٹس کا منصوبہ ہے ۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نظام آباد میں جکران پلی میں ائیر پورٹ کے لئے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے جبکہ ورنگل میں ممنور میں ائیر پورٹ کیلئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔کوتہ گوڑم ‘ جکران پلی اور محبوب نگر میں گرین فیلڈ ائیر پورٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ مابقی اضلاع میں براؤن فیلڈ ائیر پورٹ کی تعمیر کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔