حیدرآباد: ریاض سعودی عرب میں کورونا وائرس سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر کی موت واقع ہوگئی۔ 71 سالہ ڈاکٹر وائی شرد کمار کا تعلق سدی پیٹ ضلع سے ہے اور وہ مہدی پٹنم کے علاقہ میں مقیم تھے ۔ ریاض کے ہاسپٹل میں کورونا سے طویل جنگ میں وہ ہارچکے ہیں۔ ایک ماہ قبل انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا تھا جس کے بعد وہ دواخانہ میں زیر علاج تھے ۔ وزارت صحت حکومت سعودی عرب سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک خانگی کلینک میں بحیثیت ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مصری گنج حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک اور تلنگانہ کے شہری 57 سالہ خواجہ سراج الدین کا ریاض میں کورونا سے انتقال ہوگیا ۔ وہ کورونا کا شکار ہونے کے بعد ریاض کے ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ ارکان خاندان کے مطابق پہلی مرتبہ شریک کرنے پر ان کی رپورٹ منفی آئی تھی ۔ تاہم بعد میں وہ کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کیسس میں اضافہ کے بعد سے قواعد پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔