۔18 اگست تک امیدواروں کو داخلوں کی سہولت، کنوینر دوست کونسلنگ کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجوں میں برسرموقع داخلوں ’’اسپاٹ ایڈمیشن‘‘ کیلئے ریاستی حکومت نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کالج انتظامیوں کو برسرموقع داخلے دینے کی اجازت دیدی ہے۔ اس طرح تین سال تک اسپاٹ ایڈمیشن دینے کا موقع فراہم کرنے کالج انتظامیوں کی جانب سے اپیل کی تھی جس پر حکومت نے ڈگری کالج انتظامیوں کو برسرموقع داخلہ دینے کیلئے گرین سگنل دیا ہے جبکہ 14 اگست سے ہی اسپاٹ ایڈمیشن دینے کی ڈگری کالج انتظامیوں کو ڈگری آن لائن سرویسیس تلنگانہ (دوست DOST) کنوینر پروفیسر آر لمبادری نے اجازت دیتے ہوئے اعلان کیا اور بتایا کہ اب تک دوست کونسلنگ شیڈول کے ختم ہوجانے کے بعد کوئی بھی برسرموقع داخلہ دینے کی کالج انتظامیوں کو اجازت نہیں تھی۔ تاہم کارگزار صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے ٹی راماراؤ سے ملاقات کرکے مؤثر نمائندگی کی جس پر حکومت کو بہرحال اسپاٹ ایڈمیشن دینے کی کالج انتظامیوں کو اجازت دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ لہٰذا اب دوست کونسلنگ کا عمل مکمل ہوجانے کے بعد بھی باقی بچنے والی نشستوں پر کالج انتظامیوں کی جانب سے اپنی مرضی کے مطابق داخلہ دینے کی راہ ہموار ہوگئی اور طلباء و طالبات کو بھی اپنی من پسند کالجوں میں داخلے حاصل ہونے کی گنجائش فراہم ہوگی۔ ڈگری کالج مینجمنٹ اسوسی ایشن سکریٹری مسٹر پرمیش نے یہ بات بتائی اور کہا کہ بہتر مالی موقف پائے جانے والے طلباء و طالبات کو دوست کونسلنگ کے ذریعہ اپنی خواہش کے مطابق کالجوں میں داخلے حاصل نہ ہوئے اور اسپاٹ ایڈمیشن کے ذریعہ اب خواہش کے مطابق کالجوں میں داخلے حاصل ہونے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ڈگری کالجوں میں دوست کونسلنگ کے ذریعہ دیئے گئے داخلوں کے بعد مزید 1.76 لاکھ نشستیں ڈگری کالجوں میں مخلوعہ پائی جارہی ہیں جس کے پیش نظر کنوینر دوست کونسلنگ مسٹر لمبادری نے کالج انتظامیوں کو اسپاٹ ایڈمیشن کے عمل کو 14 تا 18 اگست تک انجام دیتے ہوئے داخلوں کے عمل کو مکمل کرلینے کی ہدایات دی ہیں اور داخلوں کے عمل کو مکمل کرلینے کے فوری بعد طلباء و طالبات کی مکمل تفصیلات آن لائن میں اپ لوڈ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اسپاٹ ایڈمیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو 400 روپئے رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہوگا۔ اس طرح اسپاٹ ایڈمیشن کے فراہم کردہ زرین موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی مسٹر لمبادری نے طلباء وطالبات سے پرزور خواہش کی۔
