تلنگانہ کے کئی اضلاع میں معمول سے کہیں زیادہ بارش ریکارڈ

   

سدی پیٹ اور سرسلہ میں 90 فیصد سے زائد اضافی بارش
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ دو دنوں کے دوران کئی اضلاع میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ 5 اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان اضلاع میں معمول کی بارش سے 60 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ 21 اضلاع میں 20 تا 50 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ 7 اضلاع میں بارش معمول کے مطابق رہی۔ ذرائع کے مطابق ایک بھی ضلع میں بارش معمول سے کم نہیں رہی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک کئی اضلاع میں ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ یکم جون تا 12 ستمبر ریاست میں 873.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ معمول کی بارش 650.9 ملی میٹر ہے۔ اس طرح معمول سے 34 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 863.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ جاریہ سال سدی پیٹ ضلع میں 95 فیصد، سرسلہ 76 فیصد، ورنگل ( اربن ) 75 فیصد، نارائن پیٹ 72 فیصد، کریم نگر 64 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ ناگرکرنول، سنگاریڈی، بھوپال پلی، سوریا پیٹ، ملگ، پداپلی، منچریال میں معمول کے مطابق بارش ہوئی۔R