حیدرآباد16جنوری(یواین آئی) تلنگانہ کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔درجہ حرارت میں روز بروز گراوٹ ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔ریاست کے اضلاع میں کئی مقامات پر صبح کے اوقات میں کہر کی وجہ سے گاڑی سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور سامنے کا راستہ صاف نظر نہیں آرہا ہے تو دوسری طرف چہل قدمی کے لئے نکلنے والوں کو بھی مشکل صورتحال اٹھانی پڑرہی ہے اوربالخصوص لوگ رات میں سڑکوں پر الاو لگاکر آگ تاپ رہے ہیں۔لوگ صبح میں گرم لحافوں سے نکلنے سے بھی گریز کررہے ہیں۔سردی سے بچنے کے لئے لوگ مختلف تدابیر بھی اختیار کررہے ہیں۔فٹ پاتھس پر سونے والے کئی ایسے افراد بھی ہیں جن کے پاس کمبل یا لحاف کے علاوہ سردی سے بچنے کے لئے کوئی چیز نہیں ہے ۔حیدرآباد کے نیکلس روڈ،ٹینک بنڈ علاقوں میں سردی کی لہر کے سبب لوگوں کودشواریوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صبح 9 بجے تک بھی سورج کی کرنیں نظر نہیں آرہی ہیں۔ سردی میں اضافہ سے عام زندگی پر اثر پڑا ہے ۔کئی مکانات میں روم ہیٹرس کا بھی استعمال کیاجارہا ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے آرہی ہواوں کے نتیجہ میں حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ہورہا ہے ۔ریاست کے شمالی حصہ میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے ۔ ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت 9ڈگری درج کیاگیا ہے ۔ ضلع نلگنڈہ میں رات میں درجہ حرارت 10تا12ڈگری سلسیس درج کیاجارہا ہے ۔ریاست کے دیگر اضلاع بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔