تلنگانہ کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں پر گہری نظر، 7 مئی کے بعد مزید سختی

,

   

Ferty9 Clinic

کورونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات، حالات کو معمول پر لانے پر توجہ

حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جن علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے ان علاقوں کے عوام کو 7مئی کے بعد مزید سختیوں کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت ہند کی جانب سے ان تمام علاقوں پر کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جب ریاستی حکومت کی جانب سے 7مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے تو اس کے ساتھ جن علاقوں سے زیادہ کوروناکے مصدقہ مریض پائے گئے ہیں ان علاقو ںمیں حالات پر قابو پانے کیلئے سختی کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں جن مقامات کو ہا ٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے ان میں شہر حیدرآباد کے 12 علاقہ شامل ہیں جن میں رام گوپال پیٹ ‘ شیخ پیٹ‘ ریڈ ہلز‘ ملک پیٹ‘ سنتوش نگر‘ چندرائن گٹہ‘ الوال ‘ موسی پیٹ‘کوکٹ پلی‘ قطب اللہ پور‘ گجلہ رامارم‘ میوری نگر‘ یوسف گوڑہ‘ اور چندا نگر کے علاوہ سکندرآباد میں کاکتیہ نگر‘ حبشی گوڑہ‘ سیتاپھل منڈی‘ مولی علی اور لالہ پیٹ شامل ہیں۔ شہر حیدرآبا دمیں ریاستی حکومت کی ہدایت پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ پولیس کی جانب سے ابھی سے سختی برتی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق پولیس اور بلدیہ کی جانب سے کاروائی کی جا رہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی اعلامیہ اس سلسلہ میں جاری نہیں کیا گیا ہے مگر بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے 7مئی کے بعد بھی ان مقامات پر جنہیں ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے کوئی راحت نہ دینے بلکہ ان علاقوں میں مزید سختیوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 3مئی تک کی توسیع کی گئی ہے اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں لاک ڈاؤن میں 7 مئی تک کی توسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حالات کو معمول پر لانے کے لئے سخت گیر اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت کے ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ سے کورونا کے خاتمہ کے یقین تک تحدیدات ختم نہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں جہاں ریاست میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مصدقہ مریض پائے جا رہے ہیں اسے کورونا سے پاک بنانے کیلئے لازمی ہے کہ شہر کے ہاٹ اسپاٹ میں مزید سختی لائی جائے تاکہ سماجی رابطہ کی برقراری اور ان علاقوں کے عوام کو دیگر علاقوں میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے انہیں محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ شہر حیدرآباد کے ہاٹ اسپاٹس میں صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے لازمی ہے کہ شہر حیدرآباد عوام میں شعور اجاگر کیا جائے اور انہیں اس بات سے واقف کروایا جائے کہ انہیں الگ تھلگ کئے جانے کا مقصد ان کی اور دیگر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔