تلنگانہ کے ہر آر ٹی سی بس ڈپو پر نوڈل آفیسر کی تعیناتی

   

بسوں کو چلانے کیلئے موثر انتظامات کرنے ضلع کلکٹرس اور ڈپو منیجرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی اجئے کمار نے ہر آر ٹی سی بس ڈپو کیلئے ایک نوڈل آفیسر کو تعینات کرنے کی تمام ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایات دیں اور ساتھ ہی ساتھ آر ٹی سی بس ڈپوز میں پائی جانے والی تمام بسوں کو چلانے کیلئے موثر انتظامات کرنے کا بھی ضلع کلکٹرس اور ڈپو منیجرس کو ضروری مشورے دیئے ۔ وزیر موصوف نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال اور کئے جانے والے متبادل انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ کلکٹرس پولیس عہدیداروں اور آر ٹی سی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے کہا کہ ہڑتال شروع ہوکر زائد از 10یوم ہوچکے ہیں اور ہمیں عوام کو سفر کرنے کیلئے کوئی مشکلات پیش نہ آنے جیسے اقدامات کر کے صدفیصد بسوں کو چلانے کی ممکنہ کوشش کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ محض چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایات ریاست بھر میں تمام اسکولوں و جونیئر کالجوں وغیرہ کو دسہرہ کی تعطیلات میں توسیع دی گئی ۔ انہوں نے ضلع کلکٹروں و عہدیداران آر ٹی سی کو عاضی ڈرائیورس ، کنڈکٹرس کے انتظامات کو لے کر عوام کو سفر کیلئے مشکلات وغیرہ پیش نہ آنے کیلئے اقدامات کرنے اور نوڈل آفسیر کو تعینات کر کے بس ڈپو منیجر کے ساتھ تال میل برقرار رکھتے ہوئے کام کرنے کی ہدایات دیں ۔ اسی دوران ریاستیچیف سکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے ضلع کلکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کلکٹرس ، ٹرانسپورٹآفیسر کے علاوہ پولیس عہدیدار آپسی تال میل کے ذریعہ اپنے فرائض انجام دے کر عوام کو سفر کرنے میں کوئی مشکلات و مسائل پیش نہ آنے کیلئے اقدامات کریں ۔ پرنسپال سکریٹری و انچارج منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر سنیل شرما نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپوز میں پائی جانے والی تمام بسوں کو بہرصورت چلانے کیلئے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کی ضروری ہدایات دیں ۔ علاوہ ازیں زائد کرایوں کی وصولی سے متعلق وصول ہونے والی شکایات پر کڑی نظر رکھنے ان شکایات کا مکمل طور پر انسداد کرنے کے اقدامات کرنے کی سخت ہدایات دیں ۔ اسی دوران ضلع کلکٹر میڑچل مسٹر ایم وی ریڈی نے وزیر موصوف اور ریاستی چیف سکریٹری کی ہدایات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میڑچل میں مختلف عہدیداروں کے مکمل تعاون کے ذریعہ 86 فیصد اسکولس بسوں ، سات نشستی آٹوز حاصل کر کے اور آر ٹی سی بسوں کو چلاکر عوام کو سفر کیلئے کوئی مشکلات پیش نہ آنے سے متعلق موثر اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میڑچل میں ممکنہ حد تک صدفیصد آر ٹی سی بسیں چلانے کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر ایم وی ریڈی نے بتایا کہ آر ٹی سی بس ڈپوز کیلئے نوڈل آفیسر کو تعینات کرنے کی مکمل ذمہ داری ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر ( ڈی آر او) کو تفویض کی ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ضلع کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر ضلع رنگاریڈی شریمتی اوشا رانی ڈسٹرکٹ ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر مسٹر پراوین راؤ و دیگر بھی شریک تھے ۔