تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ میں عالمی معیار کے انڈسٹریل پارک کا قیام: سریدھر بابو

   

وقارآباد میں 862 ایکر اراضی پر پارک کا سنگ بنیاد، اسپیکر پرساد کمار، کونڈا وشویشور ریڈی اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اعلان کیا کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں عالمی معیار کے انڈسٹریل پارک قائم کئے جائیں گے۔ انڈسٹریل پارک کے قیام سے چھوٹی اور اوسط درجہ کی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ریاست کے نوجوان صنعت کاروں کو صنعتوں کے قیام میں مدد کی جائے گی۔ سریدھر بابو نے وقارآباد ضلع کے مومن پیٹ منڈل میں 44.3 کروڑ کے سرمایہ سے تعمیر کئے جانے والے موبیلٹی ویلی پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے یہ پارک قائم کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، گورنمنٹ وہپ قانون ساز کونسل مہیندر ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ سریدھر بابو نے اپنے خطاب میں کہا کہ 862 ایکر اراضی پر قائم کئے جانے والے اس پارک سے توقع ہے کہ تقریباً 10 ہزار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ صنعتی ترقی صرف حیدرآباد تک محدود نہ رہے لہذا حکومت نے ریاست کے مختلف علاقوں میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹی اور متوسط صنعتوں کی حوصلہ افزائی کے عہد کی پابند ہے اور اس سلسلہ میں جامع پالیسی تیار کی گئی۔ سریدھر بابو نے بعض گوشوں کی جانب سے ریاست میں سرمایہ کاری کی مخالفت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کئی صنعت کاروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم بعض مفادات حاصلہ جان بوجھ کر گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اُن عناصر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مہم ترک کریں اور ریاست کی ترقی میں رکاوٹ بننے سے گریز کریں۔ سریدھر بابو نے حالیہ عرصہ میں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے معاہدات کا ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت نے صرف دیڑھ سال میں 2 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے ہیں۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے کہا کہ وقارآباد کو صنعتی طور پر ترقی دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کونڈا وشویشور ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی، منوہر ریڈی اور صدرنشین تلنگانہ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن نرملا جگا ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔1