چنتا مڈکا میں ہیلت کیمپ سے معائنوں کا آغاز ، تلنگانہ ملک بھر میں مثالی ریاست
حیدرآباد۔5 ۔ اگست (سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کے ہیلت پروفائیل تیار کرنے سے متعلق پروگرام کا چنتا مڈکا سے آغاز کرنا ان کے لئے باعث فخر ہے۔ صحت مند تلنگانہ کی تشکیل کے لئے چیف منسٹر نے اس پروگرام کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ہریش راؤ نے آج چیف منسٹر کے آبائی موضع چنتا مڈکا میں یشودھا ہاسپٹل کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر عوام کی صحت کو بہتر بنانے کے مقصد سے ہیلت پروفائیل تیار کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ریاست کے ہر شہری کی صحت سے متعلق تفصیلات کو یکجا کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناگہانی کی صورت میں ڈاکٹرس کو علاج میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر کے منصوبہ کی کامیابی کے لئے چنتا مڈکا کے عوام کا تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے خانگی ہاسپٹل کی ستائش کی جس نے خصوصی ہیلت کیمپ کے انعقاد سے اتفاق کیا ۔ ہیلت کیمپ میں عوام کے مختلف امراض کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار ہر شہری کی صحت کے بارے میں تفصیلات تیار کریں گے۔ ہیلت کیمپ میں امراض قلب ، کینسر اور دیگر امراض کے سلسلہ میں معائنے کئے گئے اور ضرورت پڑنے پر انہیں ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے علاج کیا جائے گا۔ خواتین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ 40 سال کی عمر کے بعد کینسر اور دیگر امراض کے بارے میں معائنے کرائیں تاکہ مرض کا بروقت پتہ چلایا جاسکے۔ ہریش راؤ کی مساعی پر ہیلت کیمپ میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کمسن بچوں سے لے کر ضعیف العمر افراد تک معائنہ کرتے ہوئے ان کا ہیلت پروفائیل تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ 500 افراد کا معائنہ کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چنتا مڈکا میں شروع کی گئی یہ تحریک ملک بھر کے لئے مثالی ثابت ہوگی۔ اس موضع کے بعد ریاست کے دیگر حصوں میں ہیلت پروفائیل تیار کیا جائے گا ۔ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کی طرح ہیلت پروفائیل بھی ملک بھر کے لئے مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد امراض چشم سے متعلق کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان کے انتخابی حلقہ سدی پیٹ کے موضع چنتامڈکا سے اس مہم کے آغاز پر وہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔