حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے آج پبلک ہیلت پروفائیل کی تیاری پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزیر صحت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چیف منسٹر کے احکامات کے مطابق ریاست میں ہر شخص کا ہیلت پروفائیل کی تیاری پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت پروفائیل کی تیاری سے مستقبل میں عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے درکار قدم اٹھائے جاسکتے ہیں۔ ریاست میں 2011 مردم شماری کے مطابق 83.04 لاکھ خاندانوں سے وابستہ ہر شخص کا ہیلت پروفائیل دیہی اور شہری علاقوں کے امتیاز کے بغیر ڈیجیٹل ایپ میں درج کیا جانا چاہیئے۔ وزیر صحت نے کہا کہ خاندان کے ہر فرد کی نجی تفصیلات اور صحت سے متعلق ہسٹری ایپ میں درج کی جائے۔1
دیہی علاقوں میں این ایم او کی ذمہ داری ہے کہ وہ گھرگھر جاکر تفصیلات حاصل کریں۔ وزیر صحت نے ہیلت پروفائیل کی تیاری کے مسئلہ پر خانگی ہاسپٹلس کے نمائندوں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ اجلاس میں ہیلت سکریٹری ڈاکٹر کرسٹینا چونگٹو فیملی ویلفیر کمشنر آر وی کرنن، آروگیہ شری ہیلت کیئر ٹرسٹ کے سی ای او وشالاچی، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر وانی، ویدیا ودھان پریشد کے کمشنر ڈاکٹر اجئے کمار اور خانگی ہاسپٹل کے نمائندوں نے شرکت کی۔1