سرکاری اراضیات کا تحفظ محکمہ مال کی ذمہ داری، شفافیت اور دیانتداری کا مشورہ
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست کے ہر گاؤں میں ریوینیو آفیسر کا تقرر کیا جائے گا تاکہ ریوینیو سے متعلق عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ہوسکے۔ وزیر مال نے کہا کہ وی آر او اور وی اے او جائیدادوں کو ختم کرنے کا فیصلہ بی آر ایس حکومت نے کیا تھا اور ان عہدوں پر مناسب متبادل انتظامات نہیں کئے جس کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں محکمہ مال کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ریوینیو ایمپلائز یونینوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مال نے کہا کہ کانگریس حکومت ریوینیو نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کررہی ہے اور ہر گاؤں میں ایک ریوینیو آفیسر مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ مال کے عہدیداروں اور ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ پوری دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے کام کریں اور اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ عوام حکومت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ریوینیو ملازمین کو انداز کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا۔ سابق میں جس طرح سے کام کیا گیا وہ اب نہیں چلے گا۔ شفافیت، دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر مال نے کہا کہ ریوینیو حکام کو اپنی کارکردگی کے ذریعہ عوام میں اعتماد پیدا کرنا چاہیئے جس سے حکومت کی نیک نامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت موافق ملازمین اقدامات کررہی ہے اور کسی کے خلاف کوئی انتقامی جذبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں سرکاری اراضیات کے تحفظ میں محکمہ مال کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ اس مسئلہ پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی۔ اراضیات کے تحفظ کیلئے محکمہ میں خصوصی لیگل سیل قائم کیا جائے گا۔1