تلنگانہ کے ہر گھر کو انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح

   

ٹی فائبر کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹی فائبر کے کاموں سے متعلق پیشرفت پر جامع رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے مستقبل میں ٹی فائبر کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں ٹی فائبر کے کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ٹی فائبر کے کاموں کی تکمیل کرنے والے کنٹراکٹرس کو نوٹسیں جاری کی جائیں تاکہ وہ مقررہ میعاد میں کاموں کی تکمیل کرسکیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ جن کمپنیوں نے ذمہ داری حاصل کی ہے اُنھیں جوابدہ بنایا جائے۔ ریونت ریڈی نے ٹی فائبر کے کاموں کے سلسلہ میں پیشرفت پر وقفہ وقفہ سے نظر رکھنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ کمپنیوں کی کارکردگی اور اُن میں موجود ملازمین کی تعداد کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ پراجکٹ کے کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر گاؤں کے ہر گھر کو انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ریاست گیر سطح پر ٹی فائبر ورکس کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اِس کام کی ریاست بھر میں توسیع کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ منصوبہ کا مقصد عوام کو ٹی فائبر کے ذریعہ بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پراجکٹ پر تاحال خرچ اور پراجکٹ کی تکمیل کے لئے درکار فنڈس پر رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کی تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو، چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری وی شیشادری، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، اسپیشل چیف سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سنجے کمار، ڈپٹی سکریٹری بھاویش مشرا اور ٹی فائبر کے منیجنگ ڈائرکٹر وینو پرساد اِس موقع پر موجود تھے۔1