کسانوں کے مسائل پر جائزہ اجلاس، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو پانی کے مسئلہ پر انصاف دلانے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ آندھراپردیش کی جانب سے تلنگانہ سے حق تلفی پر کے سی آر کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی ، ایم ششی دھر ریڈی ، ومشی چند ریڈی اور کودنڈا ریڈی نے کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فصلوں کے سلسلہ میں کسانوں پر عائد کردہ پابندی سے دستبرداری اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کے بارے میں یہ پابندی جاریہ موسم خریف کے بجائے ربیع میں نافذ کی جائے ۔ اس وقت تک کسانوں اور سائنسدانوں سے مشاورت کرتے ہوئے فصلوں کی حکمت عملی طئے کی جانی چاہئے ۔ ان قائدین نے کہا کہ حکومت فصلوں کو نقصان کی صورت میں معاوضہ کی ادائیگی سے انکار کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ فصلوں کو اقل ترین امدادی قیمت نہ ملنے کے سبب کسان معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ کانگریس قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے لئے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرے۔ قبل ازیں پارٹی کے سینئر قائدین نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کی تازہ ترین زرعی پالیسی کا جائزہ لیا اور اس کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا ۔