ایک بھی کیس درج نہیں، ریاست میں کیسس کی تعداد میں قابل لحاظ کمی
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے اور نارائن پیٹ ضلع گزشتہ ایک ہفتہ سے کورونا سے پاک ضلع کے طور پر ابھرا ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاست میں کورونا کی صورتحال کو قابو میں بتایا۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتے میں تلنگانہ کے تقریباً 50 فیصد اضلاع کورونا سے پاک قرار دیئے جائیں گے ۔ روزانہ کم از کم 5 تا 10 اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک بھی درج نہیں ہوئی ہے۔ ریاست میں نارائن پیٹ پہلا ضلع ہے جو کورونا سے پاک قرار دیا گیا ۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ضلع میں ایک بھی نیا کیس درج نہیں کیا گیا۔ محکمہ صحت کورونا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کو 4 اضلاع میں کورونا کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا تھا جبکہ پیر کے دن جاری کردہ رپورٹ میں 10 اضلاع کورونا سے پاک قرار دیئے گئے ہیں۔ ریاست میں نئے کیسس کی تعداد گھٹ کر 101 ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ کیسس کی تعداد 100 سے کم ہوجائے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 197 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے جبکہ ایک موت واقع ہوئی ۔ 1842 ایکٹیو کیسس ہیں جن میں سے 751 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کے درمیان 18252 کئے گئے جن میں سے 478 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ حیدرآباد اور رنگا ریڈی صرف دونوں اضلاع میں نئے کیسس 10 سے زیادہ درج کئے گئے ۔ حیدرآباد میں 24 جبکہ رنگا ریڈی میں 10 کیسس درج ہوئے ہیں۔ کتہ گوڑم ، گدوال ، کاما ریڈی ، آصف آباد ، ناگر کرنول ، نارائن پیٹ ، سدی پیٹ ، سوریا پیٹ وقار آباد اور ورنگل رورل میں ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ۔ بھونگیر ، ونپرتی ، نرمل ، نلگنڈہ ، ملگ ، میدک میں محض ایک کیس درج کیا گیا ۔ باقی اضلاع میں کیسس کی تعداد 5 سے کم درج کی گئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹسٹنگ میں اضافہ کے باوجود کیسس کم درج ہوئے ہیں جو صورتحال میں بہتری کی علامت ہے۔