تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 1190 کروڑ خصوصی ترقیاتی فنڈ

   

ہر اسمبلی حلقہ کیلئے 10 کروڑ کی منظوری، لوک سبھا چناؤ سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اہم اقدام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری(سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے عین قبل ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز کے ذریعہ عوامی تائید حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت چیف منسٹرر یونت ریڈی نے 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 1190 کروڑ کا ترقیاتی فنڈ جاری کیا ہے۔ سابق 10 اضلاع کے حساب سے ہر ضلع میں موجود اسمبلی حلقہ جات کے لئے فی کس 10 کروڑ روپئے ترقیاتی فنڈ کے طور پر منظور کئے گئے ۔ ترقیاتی فنڈ ضلع کے انچارج وزراء کو الاٹ کیا گیا ہے جو اسے مختلف کاموں کیلئے منظوری دیں گے۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں عوامی نمائندوں کو شکایت تھی کہ ترقیاتی فنڈس کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ ریونت ریڈی نے لوک سبھا چناؤ کے پیش نظر ہر اسمبلی حلقہ کو 10 کروڑ کی منظوری دی ہے اور خرچ کرنے کا اختیار انچارج وزیر کو دیا گیا ۔ پرنسپل سکریٹری پلاننگ احمد ندیم نے جی او آر ٹی 22 جاری کیا ۔ ہر اسمبلی حلقہ کو مختص کردہ 10 کروڑ میں دو کروڑ روپئے تعلیم اور تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر سہولتوں پر خرچ کئے جائیں گے ۔ ایک کروڑ روپئے پینے کے پانی کی سربراہی اور 50 لاکھ روپئے کلکٹریٹس اور سرکاری دفاتر کے مینٹننس پر خرچ ہوں گے۔ حیدرآباد ضلع کو 150 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جبکہ رنگا ریڈی ضلع کو 140 کروڑ اور نظام آباد ضلع کو 90 کروڑ الاٹ کئے گئے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ فنڈس حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈس کے علاوہ ہوں گے ۔ واضح رہے کہ سابق کے سی آر حکومت نے اپنے آخری بجٹ میں 10 ہزار کروڑ خصوصی ترقیاتی فنڈس کے طورپر مختص کئے گئے۔ انچارج وزراء میں اتم کمار ریڈی کو کریم نگر ضلع کے 13 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 130 کروڑ مختص کئے گئے ۔ دامودر راج نرسمہا محبوب نگر ضلع کے 14 اسمبلی حلقہ جات کی ترقی پر 140 کروڑ خرچ کریں گے۔ کھمم ضلع کے 10 اسمبلی حلقہ جات کیلئے انچارج وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو 100 کروڑ مختص کئے گئے۔ ڈی سریدھر بابو رنگا ریڈی کے 14 اسمبلی حلقہ جات پر 140 کروڑ خرچ کریں گے۔ ورنگل کے 12 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 120 کروڑ ، انچارج وزیر پی سرینواس ریڈی کو الاٹ کئے گئے ۔ حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقہ جات کیلئے انچارج وزیر پونم پربھاکر 150 کروڑ خرچ کریں گے۔ کونڈا سریکھا میدک کے 10 اسمبلی حلقہ جات پر 100 کروڑ خرچ کریں گی۔ ڈی انوسویا سیتکا عادل آباد ضلع کی انچارج ہیں جہاں کے 10 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 100 کروڑ الاٹ کئے گئے۔ نلگنڈہ ضلع میں 12 اسمبل حلقہ جات ہیں اور انچارج وزیر ٹی ناگیشور راؤ کو 120 کروڑ الاٹ کئے گئے ۔ نظام آباد ضلع کے 9 اسمبلی حلقہ جات کے انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ کو 90 کروڑ مختص کئے گئے۔ حکومت نے 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے جملہ 1190 کروڑ خصوصی ترقیاتی فنڈس جاری کیا ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر اسمبلی حلقہ کے انچارج وزیر سے منظوری حاصل کرتے ہوئے تر قیاتی کاموں کو انجام دیں۔ 1