پالی ٹیکنک کے طلبہ کو موقع، ہر کورس میں 15 سے 60 نشستیں، جی او نمبر 30 کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے 12 خانگی انجنیئرنگ کالجس میں شام کے بی ٹیک (B.Tech) کورسیس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی منظوری کے بعد جی او نمبر 30 جاری کیا ہے ۔ یہ فائل کئی ماہ سے زیر التواء تھی جسے اب منظوری دے دی گئی ہے ۔ سرکاری احکامات کے مطابق ہر کالج میں ایک سے پانچ کورسیس چلائے جاسکیں گے اور ہر کورس میں کم از کم 15 اور زیادہ سے زیادہ 60 نشستیں ہوں گی ۔ ان کورسیس میں داخلے موجودہ تعلیمی سال 2025-26 سے شروع کئے جائیں گے ۔ حکومت نے وا ضح کیا کہ داخلے (ECET) انجنیئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ کئے جائیں گے۔ جن طلبہ نے پالی ٹیکنک مکمل کی ہو اور کم از کم ایک سال کا عملی تجربہ رکھتے ہوں وہ شام کے بی ٹیک کورسیس میں داخلہ حاصل کرسکیں گے ۔ کلاسیس شام کے اوقات میں منعقد ہوں گے جبکہ فیس وہی ہوگی جو ریگولر کورسیس کیلئے مقرر ہے ۔ 2024 میں جاری کردہ جی او کے مطابق ECET کنوینر کو داخلہ امتحان منعقد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے ای سی ای ٹی کونینر اور عثمانیہ یونیورسٹی انجنیئرنگ کالج کے پرنسپل پروفیسر چندر شیکھر کو امتحان کے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے شام کے ایم ٹیک کورسیس کی نشستیں پر کرنے کیلئے بھی ایک جی او جاری کیا ہے ۔ تاہم ان نشستوں کو کس طریقے سے پر کیا جائے گا اس بارے میں ابھی تک وضاحت نہیں کی گئی ۔ فی الحال صرف تین یا چار کالجس کو شام کے ایم ٹیک کورسیس کی اجازت دی گئی ہے ۔ جن 12 انجنیئرنگ کالجس کو شام کے بی ٹیک کورسیس چلانے کی اجازت دی گئی ہے ان میں CBIT وی این آر گیان جیوتی انجنیئرنگ کالج ، ایم وی ایس آر انجنیئرنگ کالج ، اسٹالینی انجنیئرنگ کالج ، میتھوڈسٹ انجنیئرنگ کالج، ایم جی آئی ٹی انجنیئرنگ کالج ، ماتو شری انجنیئرنگ کالج، عبدالکلام انسٹی ٹیوٹ اف ٹکنالوجی ، جئے پرکاش نارائن انجنیئرنگ کالج محبوب نگر ، انوبوس انجنیئرنگ کالج پالوانچہ ، سدھارتھ انجنئرنگ کالج۔ سینٹ پیٹرز انجنیئرنگ کالج شامل ہیں ۔ توقع ہے کہ اس سہولت سے خواہشمند طلباء استفادہ کریں گے۔2