ایک ہفتہ میں 40 تا 80 فیصد اضافہ سے اضلاع میں حکام چوکس
حیدرآباد: گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ریاست میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے ۔ ایسے میں 15 اضلاع ایسے ہیں جہاں کورونا کیسس میں تیزی سے اضافہ درج کیا گیا ۔ ریاست کے تمام 33 اضلاع کورونا وائرس کے متاثر ہیں اور بعض ریاستوں میں دوسری لہر کے آغاز اور موسم سرما نے تلنگانہ میں کیسس کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 15 اضلاع میں 40 تا 80 فیصد کیسس میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ناگر کرنول ضلع میں 31 فیصد اور ملگ میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 86 فیصد کیسس میں اضافہ درج ہوا ہے جو 15 اضلاع کورونا سے زیادہ متاثر ہیں ، ان میں ملگ ، بھوپال پلی ، پدا پلی ، وقار آباد ، بھونگیر ، منچریال ، سوریا پیٹ ، آصف آباد ، ونپرتی ، نرمل ، کتہ گوڑم ، جنگاؤں ، سنگا ریڈی ، کریم نگر اور ناگر کرنول شامل ہیں۔ ناگر کرنول میں گزشتہ ہفتہ 200 کیسس درج کئے گئے تھے جبکہ جاریہ ہفتہ کیسس کی تعداد بڑھ کر 262 ہوچکی ہے۔ ملگ میں ایک ہفتہ کے دوران کیسس کی تعداد 117 سے بڑھ کر 218 ہوچکی ہے۔ پانچ اضلاع میں ایک ہفتہ میں پچاس فیصد اضافہ درج کیا گیا جن میں بھوپال پلی ، پدا پلی ، وقار آباد ، بھونگیر اور ملگ شامل ہیں۔ 10 اضلاع میں 31 تا 49 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ بھوپال پلی میں 64 ، پدا پلی 56 ، وقار آباد 51 ، بھونگیر 51 اور منچریال میں 49 فیصد کیسس میں ایک ہفتہ کے دوران اضافہ درج ہوا ہے۔ محکمہ صحت نے 15 اضلاع کے نظم و نسق کو چوکسی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ حقیقی صورتحال کا پتہ چل سکے۔