تلنگانہ کے 17 اضلاع میں لیگل سرویسز اتھارٹی کے دفاتر کا قیام

   

غریب اور مستحق افراد کو مفت قانونی امداد، چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس نوین راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔23۔ جون (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ جسٹس اجل بھویاں جو تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے سرپرست ہیں، آج جسٹس پی نوین راؤ اگزیکیٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھارٹی کے ہمراہ ریاست میں لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم کے 17 دفاتر کا افتتاح انجام دیا۔ ہائی کورٹ کے سنٹرل ہال سے ورچول تقریب میں چیف جسٹس نے جگتیال ، بھوپال پلی ، گدوال ، کاما ریڈی ، کھمم ، آصف آباد ، محبوب آباد ، منچریال ، میدک ، میڑچل ، حیدرآباد ، ملگ ، نارائن پیٹ ، نرمل ، سرسلہ ، رنگا ریڈی اور ونپرتی میں دفاتر کا افتتاح کیا۔ جسٹس پی نوین راؤ نے کہا کہ لیگل سرویسز اتھارٹی کی جانب سے ملزمین اور قیدیوں کو قانونی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماقبل گرفتاری پولیس ریمانڈ اور ٹرائل کے مرحلہ میں مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فروری 2023 ء میںلیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم کے 16 دفاتر قائم کئے گئے۔ پہلے مرحلہ میں 824 مقدمات میں سے 4 ماہ میں 104 مقدمات کی یکسوئی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہیڈکوارٹرس پر فوجداری مقدمات کے سلسلہ میں قانونی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ امداد انفرادی افراد اور شہریوں کو بھی فراہم کی جاتی ہے۔ لیگل سرویسز اتھارٹی یک جانب سے ضلع کی سطح پر جیلوں کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی اور سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کی روشنی میں غریب اور مستحق افراد کو مفت قانونی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ زیادہ تر قیدیوں کا تعلق کمزور طبقات سے ہوتا ہے۔ مستحق افراد کو انصاف رسانی میں لیگل سرویسز اتھارٹی کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو پیرول کی منظوری میں بھی مدد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگل ایڈ سے متعلق قومی ادارہ کی ہدایت کے مطابق ریاست میں 17 اضلاع کے دفاتر خدمات انجام دیں گے ۔ ر