57 مختلف ٹسٹ فری ہوں گے، خانگی دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ سے بچانے کی کوشش
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں سرکاری سطح پر غریبوں کیلئے مفت اور بہتر علاج کی سہولتوں کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے19 اضلاع میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کے قیام کا اعلان کیا ہے جہاں غریبوں کو 57 مختلف ٹسٹ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے 7 جون کو ضلع ہیڈکوارٹرس کے سرکاری دواخانوں میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کے آغاز کا اعلان کیا تھا تاہم تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے 9 جون کو آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا وباء کے آغاز کے بعد سے حکومت سرکاری سطح پر علاج اور معائنہ کی سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ نئے ڈائیگناسٹک سنٹرس کے قیام کا مقصد عوام کو خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ سے بچانا ہے۔ محبوب نگر، نظام آباد، سنگاریڈی، میدک، جنگاؤں، ملگ، محبوب آباد، کتہ گوڑم ، جگتیال، سدی پیٹ، نلگنڈہ ، کھمم، سرسلہ، وقارآباد، نرمل، کریم نگر، عادل آباد، آصف آباد اور گدوال کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں یہ سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں معائنوں کی بہتر خدمات کی فراہمی سے غریب اور متوسط طبقات پر بوجھ کم ہوگا۔ جن امراض سے متعلق ٹسٹ کئے جائیں گے ان میں قلب، پھیپھڑے، گردے، جگر کے عوارض کے علاوہ تھائیرائیڈ اور کینسر سے مربوط ٹسٹ شامل ہیں۔ حکومت نے محسوس کیا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس، ادویات اور طبی سہولتوں کی طرح ڈائیگناسٹک سنٹرس کا قیام ضروری ہے۔57 مختلف معائنے کئے جائیں گے جن میں کوویڈ، بلڈ، یورین، ذیابیطس، ہائپر ٹنشن، آرتھو پیڈک، لیور، کڈنی، تھائیرائیڈ کے معائنے شامل ہیں۔ عام ٹسٹوں کے علاوہ بعض قیمتی اور خصوصی ٹسٹوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ معائنوں کی رپورٹ مریضوں کو موبائیل فون پر روانہ کی جائے گی۔ گاندھی، عثمانیہ اور نمس میں موجود عصری آلات ڈائیگناسٹک سنٹرس میں دستیاب رہیں گے۔ مریضوں کی منتقلی اور دیگر ہنگامی حالات کیلئے حکومت نے 108 سرویس کے تحت 428 ایمبولینس گاڑیوں کا انتظام کیا ہے۔