حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے 2 حجاج کرام کا سعودی عرب میں انتقال ہوگیا۔ ایرہ کنٹہ بارکس کے ساکن حاجی احمد بن عبداللہ ولد عبداللہ بن سالم مرحوم کا بعمر 76 سال مکہ مکرمہ میں 4 جولائی کی شام انتقال ہوگیا۔ وہ النور ہاسپٹل مکہ مکرمہ میں زیر علاج تھے۔ مرحوم اپنے چھوٹے فرزند اعظم بن احمد کے ہمراہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ نماز جنازہ حرم شریف میں ادا کی گئی اور تدفین قبرستان شعاریہ مکہ مکرمہ میں عمل میں آئی۔ دوسرے حاجی جناب سید عبدالقدوس ساکن احمد پورہ کالونی نظام آباد کا جدہ کے ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ انہیں طبیعت بگڑنے پر مکہ کے النور ہاسپٹل سے جدہ کے جرمن ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ 4 جولائی کو انتقال ہوا۔ نماز جنازہ اور تدفین مکہ مکرمہ میں عمل میں آئی۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ حج کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حجاج کرام کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پسماندگان سے تعزیت کی۔ر