تلنگانہ کے 22 اضلاع میں جماعت اسلامی کے ریلیف کام

   

3 کروڑ 76 لاکھ سے 90 ہزار خاندانوں کی مدد : حامد محمد خان
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی جانب سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں میں ریاست بھر میں 25 مارچ سے ریلیف کے کام کا آغاز کیا گیا جو آج بھی جاری ہے۔ ریلیف کے تحت غذا، راشن کے علاوہ معاشی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے بتایا کہ 25 تا 15 اپریل 3 کروڑ 76 لاکھ 89 ہزار 627 روپئے سے 90,019 خاندانوں کی مدد کی گئی۔ 2430 خاندانوں میں معاشی امداد تقسیم کی گئی جبکہ 53,752 خاندانوں میں غذائی اجناس پر مشتمل پیاکٹس تقسیم کی گئی۔ 31,425 خاندانوں میں تیار شدہ غذا تقسیم کی گئی۔ 280 ماسک، 132 سنیٹائزر اور 2 ہزار دیگر ضروری سامان کی تقسیم عمل میں آئی۔ جناب احمد عبدالحلیم سکریٹری سوشل سرویس ڈپارٹمنٹ ریلیف کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع میں سے 22 اضلاع میں ریلیف کا کام انجام دیا گیا۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک کروڑ 41 لاکھ 12 ہزار 63 روپئے پر مشتمل ریلیف کا کام انجام دیا گیا۔ 40,478 خاندانوں کی مدد کی گئی ہے۔ 27353 غذائی اجناس اور 13125 تیار غذا کے پیاکٹس سربراہ کئے گئے۔ ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن کے ذریعہ 4,80,000 روپئے اور دیگر اہل خیر حضرات کی جانب سے 48 لاکھ روپئے کے ریلیف کام انجام دیئے گئے ہیں۔ مولانا حامد محمد خان نے بتایا کہ حیدرآباد کے علاوہ عادل آباد، آصف آباد، خانہ پور، نرمل، نظام آباد اربن، نظام آباد رورل، کاماریڈی، پداپلی، کریم نگر اربن، جگتیال، ورنگل، کھمم اربن، کتہ گوڑم، سوریہ پیٹ، ملگ، نلگنڈہ، محبوب نگر، میدک، سنگاریڈی، سدی پیٹ، رنگاریڈی اور وقارآباد میں ریلیف کا کام انجام دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی برقراری تک ریلیف کے کام جاری رہیں گے۔