تلنگانہ کے 5 اضلاع کورونا سے محفوظ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں مریضوں کی زیادہ تعداد ‘ پرانے شہر کے بعض علاقوں کی ناکہ بندی
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے 5اضلاع میں کورونا کا کوئی مصدقہ مریض نہیں ہے جبکہ مابقی 28 اضلاع میں کورونا سے متاثرہ مریض پائے گئے ہیں ۔ ریاست کے جن 5 اضلاع میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے ان میں رورل ورنگل‘ منچریال‘ یدادری بھونگیر‘نارائن پیٹ اور ونپرتی شامل ہیں جبکہ مابقی اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہونے لگی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں سب سے زیادہ کورونا سے متاثرہ مریض پائے جا رہے ہیں اور ان مریضوں میں زیادہ تر مریضو ں کا تعلق پرانے شہر کے علاقوں سے ہے لیکن اس کے باوجود بھی پرانے شہر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری نہیں کی جا رہی ہے اور سرکاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑکوں پر گھومتے ہوئے نہ صرف انتظامیہ اور دیگر شہریوں بلکہ خود اپنے لئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر میں ان علاقوں کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے جن علاقوں میں کورونا وائر س سے متاثرہ مریض پائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان علاقوں کے اطراف عوامی سرگرمیاں جاری ہیں جو کہ ان کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔ حیدرآباد کے جن علاقوںمیں سب سے زیادہ مریض پائے گئے ہیں ان میں پرانے شہر کے کئی علاقوں کے نام شامل ہیں اور چارمینارزون میں کئی محلہ جات کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے علاوہ ازیں سعیدآباد منڈل کے علاوہ حمایت نگر منڈل میں بھی کئی علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔