تلنگانہ کے 62 امیدوار مقابلہ کے لیے نااہل

   

حیدرآباد اور سکندرآباد کے کئی امیدوار شامل
حیدرآباد۔15 مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے 62 امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے انڈر سکریٹری سنتوش کمار نے اس سلسلہ میں تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کو نااہل قرار دیئے گئے امیدواروں کی فہرست روانہ کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انتخابات کے بعد خرچ کی تفصیلات داخل نہ کرنے اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ 62 میں بعض امیدواروں کو 2020 اور 2022ء تک مقابلے سے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں تلنگانہ کے 62 امیدوار ہیں۔ حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کو بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقے کے ایسے امیدوار جنہیں 7 جنوری 2022ء تک انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ان میں بی راج شیکر لنگر حوض، راشد شریف اعتبار چوک، پی وینوگوپال رحمت نگر، مہیندر سنگھ منگل ہاٹ، محمد عثمان مراد محلہ تالاب کٹہ اور شیخ معین مکہ مسجد کیمپ شامل ہیں۔ سکندر آباد حلقے کے امیدواروں میں ڈاکٹر این ایس اودئے کمار سکندرآباد، دیپک کمار عنبر پیٹ، کے سرینواسلو مولی علی، سید ساجد علی منگل ہاٹ اور محمد رضوان حسین اولڈ بوئن پلی شامل ہیں۔ دیگر حلقہ جات میں 85 امیدواروں کو بھی مقابلے سے نااہل قرار دیا گیا جو اسمبلی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔