حیدرآباد15مارچ(یواین آئی)تلنگانہ گرمی کی لہر کا زون بن گیا ہے ۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ریاست کے اضلاع کریم نگر، کھمم،عادل آباد اور نلگنڈہ میں جاریہ سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے ۔گزشتہ سال موسم گرما میں تلنگانہ کے شمالی حصوں میں شدید گرمی دیکھی گئی تھی جہاں درجہ حرارت تقریبا 45ڈگری سلسیس درج کیاگیاتھا۔ ذرائع کے مطابق جاریہ موسم گرما میں درجہ حرارت میں معمول سے 0.5ڈگری سلسیس اضافہ ہوسکتا ہے اور آئندہ تین ماہ کے دوران دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں گرمی کی شدید لہر ہوسکتی ہے ۔ ان ریاستوں میں 1971سے ابھی تک دن کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اورسال 2010میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا تھا ، وہیں سال 2015میں بھدراچلم میں درجہ حرارت 47ڈگری سلسیس درج کیا گیا تھا ۔ درجہ حرارت میں اضافہ سے صحت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔