حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے رہزنی کے واقعات میں ملوث شخص کے خلاف سائبر آباد پولیس کمشنر کے احکامات کو درست قرار دیا جس میں احتیاطی تحویل کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ عدالت نے واضح کیا کہ 8 نومبر 2024 کو سائبر آباد پولیس کمشنر کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کوئی بے قاعدگی نہیں ہے ۔ رہزنی کے واقعات میں ملوث شخص کے والد کی جانب سے ہائی کورٹ میں حبس بیجا کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ محض دو مقدمات کے سبب احتیاطی تحویل کی ہدایت نہیں دی جاسکتی اور لاء اینڈ آرڈر کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ دستور کی دفعہ 21 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے ضمانت پر رہائی کے فوری بعد دوسری مرتبہ رہزنی کی واردات انجام دی ہے ۔ اس طرح کے واقعات کے نتیجہ میں عوام میں خوف کا ماحول ہے ، لہذا پولیس نے احتیاطی تحویل کا فیصلہ کیا ۔ ہائی کورٹ نے پولیس کے احکامات کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست کو مستر کردیا۔1