تلنگانہ ہائیکورٹ کے 10 نئے ججس نے حلف لیا

   

مجموعی تعداد 29 ہوگئی، چیف جسٹس ستیش چندر شرما نے حلف دلایا
حیدرآباد۔24۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے 10 نئے ججس کو آج حلف دلایا گیا ۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما نے ہائی کورٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں نئے ججس کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی سفارش کے بعد صدر جمہوریہ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے لئے دس نئے ججس کے تقررات کو منظوری دی ہے۔ صبح 9.45 بجے کورٹ ہال 1 میں حلف برداری تقریب منعقد ہوئی ۔ جن نئے ججس کو حلف دلایا گیا ، ان میں کے سریندر ، ایس نندا ، ایم سدھیر کمار ، جے سری دیوی ، وینکٹ شراون کمار ، جی انوپما چکرورتی ، ایم جی پریہ درشنی ، سامبا شیوا راؤ نائیڈ و، اے سنتوش ریڈی اور ڈاکٹر ڈی ناگرجنا شامل ہیں۔ ہائی کورٹ میں 10 نئے ججس کے اضافہ سے ججس کی تعداد 19 سے بڑھ کر 29 ہوچکی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ این وی رمنا نے تلنگانہ کیلئے 42 ججس کی منظوری دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہائی کورٹ کیلئے ایک ساتھ 10 نئے ججس کا تقرر کیا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کی قیادت میں سپریم کورٹ کالجیم نے تلنگانہ کیلئے 12 نئے ججس کے ناموں کی سفارش کی تھی لیکن مرکز نے صرف 10 ناموں کو منظوری دی۔ ر