تلنگانہ ہائی کورٹ میں بحث کے دوران سینئر وکیل کی قلب پر حملہ سے موت

   

وکلاء میں غم کی لہر، مقدمات کی سماعت آئندہ تاریخوں کیلئے ملتوی
حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج اس وقت ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک سینئر ایڈوکیٹ بحث کے دوران اچانک ڈھیر ہوگئے اور قلب پر حملہ سے ان کا دیہانت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر ایڈوکیٹ وینو گوپال راؤ ہائی کورٹ کے کورٹ ہال نمبر 21 میں مقدمہ کے سلسلہ میں بحث کررہے تھے۔ بحث کے دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ ڈھیر ہوگئے۔ ساتھی وکلاء نے انہیں فوری ایمبولینس کے ذریعہ عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے قلب پر حملہ کے باعث وینوگوپال راؤ کے فوت ہوجانے کی تصدیق کی۔ ایڈوکیٹ کے دیہانت کی اطلاع ملتے ہی کورٹ ہال 21 کے جج نے سماعت کو ملتوی کردیا اور دیگر کورٹ ہالس میں بھی مقدمات کی سماعت کو آئندہ تاریخوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ کورٹ ہال میں بحث کے دوران کسی ایڈوکیٹ کی موت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ وینو گوپال راؤ کی اچانک موت پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں ماحول غمگین ہوگیا اور بار کونسل اور بار اسوسی ایشن کے وکلاء نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔1