مرکزی حکومت سے بی جے پی قائد رامچندر راؤ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی حیدرآباد سٹی یونٹ کے صدر این رامچندر راؤ نے آج حکومت ہند سے اپیل کی کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں بینچس کی تعداد میں موجودہ 24 سے اضافہ کیا جائے کیوں کہ اس عدالت میں بڑی تعداد میں کیسیس زیر التواء ہیں ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے رامچندر راؤ نے پہلے کی ریاست آندھرا پردیش کے ہائی کورٹ کی تقسیم پر مرکزی وزیر قانون سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ کو 24 جج بینچ دینے پر بھی مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 1,87,000 کیسیس زیر التواء ہیں جب کہ 176000 کیسیس آندھرا پردیش کو گئے ہیں ۔ اس لیے انہوں نے حکومت ہند سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں بینچس کی تعداد میں اضافہ کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت صرف 13 بینچس ہی کام کررہے ہیں اور مزید بینچس کا مطالبہ کیا ۔۔