تلنگانہ ہائی کورٹ میں ریاستی وزیر کے ٹی آر کو راحت

,

   

گرین ٹریبونل کی نوٹس پر حکم التواء، فارم ہاؤز کی ملکیت سے ریاستی وزیر کا انکار

حیدرآباد ۔10۔ جون(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو اس وقت بڑی راحت ملی جب عدالت نے فارم ہاؤز کے مسئلہ پر نیشنل گرین ٹریبونل کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس پر حکم التواء جاری کردیا ۔ ٹریبونل کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سماعت کے بعد عدالت نے گرین ٹریبونل کی نوٹس پر حکم التواء جاری کردیا ۔ واضح رہے کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے عثمان ساگر کے آبگیر علاقہ جنواڑہ میںکے ٹی آر کی جانب سے فارم ہاؤز کی تعمیر کے خلاف گرین ٹریبونل سے شکایت کی تھی۔ ٹریبونل نے کے ٹی آر کو نوٹس جاری کرتے ہو ئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیدار شامل کئے گئے۔ کے ٹی آر نے اپنی درخواست میں کہا کہ ریونت ریڈی نے سیاسی مقصد براری اور انتقامی کارر وائی کے طور پر ٹریبونل سے شکایت کی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فارم ہاؤز سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریبونل نے دستاویزات اور حقائق کا جائزہ لئے بغیر ہی نوٹس جاری کردی ہے۔ کے ٹی آر کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ٹریبونل نے یکطرفہ کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی پر کئی کریمنل کیسیس درج ہیں۔ کے ٹی آر نے واضح کردیا کہ فارم ہاؤز ان کا نہیں ہے ۔ عدالت نے ٹریبونل کی نوٹس پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے سماعت کو آئندہ کے لئے ملتوی کردیا۔