پبلک سرویس کمیشن نے عدالت کے سابقہ احکامات کی خلاف ورزی کی، عدالت کا ریمارک
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کو بڑا جھٹکہ لگا۔ ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سال 2015-16 میں منعقدہ گروپ II امتحان کو مکمل طور پر منسوخ کردیا ہے۔ عدالت نے واضح کیاہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن (TGPSC) نے امتحان سے متعلق ہائی کورٹ کے سابقہ احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور اپنے دائرہ اختیار سے باہر کام کیا ہے۔ جج ناگیش بھیما پاکا نے حکم دیا کہ امتحانی عمل کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور اہل فہرست کی دوبارہ جانچ کے بعد ہی جاری کی جائے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو اندرون 8 ہفتے سارے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ کمشنر نے وائٹنر سے متعلق احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار سے باہر جاکر فہرست کا اعلان کیا ہے۔ سال 2015-16 کے دوران گروپ II امتحانات کے لئے جملہ 439 عہدوں پر بھرتی کے لئے گروپ II امتحانات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نومبر 2016 میں تحریری امتحانات کا انعقاد کیا گیا۔ تحریری امتحان کے بعد کئی امیدواروں نے الزام لگایا کہ چند امیدواروں نے جوابی شیٹ پر وائٹنر استعمال کیا تھا جسے قواعد کے مطابق قبول نہیں کیا جانا چاہئے۔ معاملہ میں عدالت میں پہنچا مگر اس کے باوجود تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے 2019 میں تقررات کردیئے۔ اس پر عدالت نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور وائٹنر والے پرچوں کی جانچ کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ جج ناگیش بھیما پاکا نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو حکم دیا ہے کہ تمام پرچوں کا دوبارہ جائزہ لے کر پھر سے اہم امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے۔ تب تک 439 عہدوں پر کوئی تقررات نہیں کئے جائیں۔ واضح رہے کہ گروپ II کی جملہ 439 جائیدادوں کے لئے 31 ڈسمبر 2015 سے 9 فروری 2016 تک درخواستیں قبول کی گئیں۔ 24 اور 25 اپریل 2016 کو امتحانات کا انعقاد کیا گیا۔ اہم جائیدادوں میں پروبیشن اینڈ اکسائز سب انسپکٹر کی 220، اسسٹنٹ کمرشل ٹیکس آفیسرس کے 110، ایکسٹنشنس آفیسرس کے 67 ، سب رجسٹرار گریڈ II کی 23، میونسپل کمشنر گریڈ III پوسٹ کی 19، اس کے علاوہ ڈپٹی تحصیلدار، اسسٹنٹ رجسٹرار، ایگزیکٹیو آفیسر گریڈ I، تکنیکل گریڈ II (HMWSB)، ڈپٹی جنرل مینجر (فینانس) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ شامل ہیں۔ 2