تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے 10 نئے ججس کے تقررات کو مرکز کی منظوری

   

صفی اللہ بیگ اور وجئے بھاسکر ریڈی کے نام شامل نہیں، چہارشنبہ کو نئے ججس کی حلف برداری، ججس کی تعداد 29 ہوجائیگی
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے 10 نئے ججس کے ناموں کو منظوری دیتے ہوئے صدر جمہوریہ کو فہرست روانہ کی ہے۔ سپریم کورٹ کالجیم نے تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے 12 ججس کے ناموں کی سفارش کی تھی جن میں سے مرکزی حکومت نے دو ناموں کو منظوری نہیں دی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند تلنگانہ کے 10 نئے ججس کے تقرر کا اعلامیہ جاری کریں گے اور 23 مارچ کو ججس کی حلف برداری کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ جن دس ناموں کی منظوری دی گئی ان میں 5 جوڈیشیل آفیسرس اور 5 سینئر ایڈوکیٹس شامل ہیں۔ 10 میں 4 خواتین کا شامل ہونا اہمیت کا حامل ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں خاتون ججس کی تعداد بڑھ کر 10 ہوجائے گی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیک وقت 10 نئے ججس کا تقرر کیا جارہا ہے۔ جن ناموں کو ہائی کورٹ ججس کے طور پر مرکزی حکومت نے منظوری دی ہے ان میں ویاٹ ٹریبونل کے صدرنشین جی انوپماں چکرورتی، کریم نگر ڈسٹرکٹ کورٹ کی چیف جج ایم جی پریہ درشنی، حیدرآباد پرنسپل اسپیشل جج سامبا شیوا نائیڈو، وزارت قانون کے سکریٹری اے سنتوش ریڈی، ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل ڈاکٹر بی ناگرجنا شامل ہیں۔ جن سینئر ایڈوکیٹس کو ہائی کورٹ جج کے طور پر ترقی حاصل ہوگی ان میں کے سریندر، ایس نندا ، این سدھیر کمار، جے شراونی اور این وینکٹ شامل ہیں۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے ساتھ ہی مرکزی وزارت قانون گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور چہارشنبہ کے دن چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ ستیش چندر شرما نئے ججس کو حلف دلائیں گے۔ مرکزی حکومت نے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کی قیادت میں کالجیم کی جانب سے سفارش کردہ 12 ناموں میں سے جن دو ناموں کی منظوری نہیں دی ہے ان میں سی ایچ وجئے بھاسکر ریڈی اور مرزا صفی اللہ بیگ شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرزا صفی اللہ بیگ کی عمر کم ہونے کے باعث ان کے نام کو ہائی کورٹ کے جج کے طور پر منظوری نہیں دی گئی۔ صفی اللہ بیگ کے نام کی سفارش جسٹس ہیما کوہلی نے تلنگانہ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے کی تھی جسے سپریم کورٹ کے کالجیم نے منظوری دی تھی۔ صفی اللہ بیگ کا شمار نامور قانون داں میں ہوتا ہے اور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے تقرر کیلئے ان کے امکانات آئندہ 10 برسوں تک برقرار رہیں گے۔ ہائی کورٹ میں فی الوقت ججس کی تعداد 19 ہے اور 10 نئے ججس کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 29 ہوجائے گی۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد کو 32 سے بڑھا کر 42 کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے تحت تلنگانہ ہائی کورٹ میں مزید 13 ججس کے تقررات باقی رہیں گے۔ ر