سرچ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ کی یونیورسٹیز کیلئے نئے وائس چانسلرس کے تقررات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جس کے تحت عنقریب سرچ کمیٹیوں کی تشکیل کا امکان ہے۔ ریاستی یونیورسٹیز کے موجودہ وائس چانسلرس کی میعاد کی تکمیل کیلئے مزید پانچ ماہ باقی ہیں لیکن ریونت ریڈی نئے وائس چانسلرس کے تقرر کے حق میں ہیں تاکہ یونیورسٹیز کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔ محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے موجودہ وائس چانسلرس کی میعاد کے بارے میں سوال کیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ نئے تقررات کا عمل شروع کریں۔ سرچ کمیٹیوں کی تشکیل اور رپورٹ کی پیشکشی کو دو ماہ لگ سکتے ہیں ایسے میں موجودہ وائس چانسلرس کو استعفی کیلئے دباؤ بنایا جاسکتا ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے باوجود موجودہ وائس چانسلرس اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔ ریاست میں 16 ریاستی یونیورسٹیز ہیں جن میں عثمانیہ، کاکتیہ، تلنگانہ، پالمور، ساتاواہنا، تلگویونیورسٹی، مہاتما گاندھی یونیورسٹی، جے این ٹی یو، امبیڈکر اوپن یونیورسٹی، جواہر لال نہرو آرٹیکچر اینڈ فائن آرٹس یونیورسٹی کے وائس چانسلرس کی میعاد مئی 2024 میں ختم ہوگی۔ راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجی باسر، فاریسٹ یونیورسٹی و تلنگانہ ویمنس یونیورسٹی کے وائس چانسلرس کے تقررات نہیں کئے گئے۔ نئے وائس چانسلرس کے تقرر کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم، اہل پروفیسرس سے درخواستیں طلب کرتا ہے۔ ہر یونیورسٹی کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جس میں حکومت، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور متعلقہ یونیورسٹی کی ایگزیکیٹو کونسل کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ اہلیت کی بنیاد پر درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کی جاتی ہے اور حکومت وائس چانسلرس کے نام ریاستی گورنر کو روانہ کرتی ہے۔1