تلنگانہ یونیورسٹی میں انجینئرنگ کالج کی منظوری

   

نظام آباد۔ 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومتِ تلنگانہ نے تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد میں ”یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ” کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے آج جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 32، مؤرخہ 31جولائی 2025ء کے مطابق، تعلیمی سال 2025-26 سے اس نئے انجینئرنگ کالج میں بی ٹیک پروگرامس کی باقاعدہ شروعات ہوگی۔ وائس چانسلرتلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر ٹی یادگری راؤ نے پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بات بتائی۔حکومتی اعلامیہ کے مطابق یہ نیا انجینئرنگ کالج ابتدائی مرحلے میں چار اہم اور روزگار سے مربوط شعبہ جات میں بی ٹیک کورسس پیش کرے گا۔ جن میں درج ذیل کورسز کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ (CSE)، کمپیوٹر سائنس مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence)، کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی (CS&IT)، ڈیٹا سائنس (Data Science) شامل ہیں۔ہر کورس میں 60 نشستیں مختص کی گئی ہیں جس کے تحت مجموعی طور پر 240 طلبہ کو سالانہ داخلہ دیا جائے گا۔اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری، ڈائریکٹر اکیڈیمیک اڈیڈسل پروفیسر جی چندرشیکھر، پروفیسر جی انجنیلو، پروفیسر رام بابو، پروفیسر سمپت کمار، پروفیسر رویندر ریڈی، پروفیسر ککیایا، ڈاکٹر پنییا پی آر او، ڈاکٹر محمد عبدالقوی ڈائریکٹر مینارٹی سیل و دیگر موجود تھے۔