تلنگانہ ۔ چھتیس گڑھ سرحد پر سخت ترین چوکسی

   

Ferty9 Clinic

ماؤسٹ قائد مادھوی ہیدما کی تلاش میں شدت ‘ تلنگانہ آمد کی اطلاع
حیدرآباد۔28 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ‘ چھتیس گڑھ سرحد پر ماؤسٹ قائد مادھوی ہیدما کی تلاش میں شدت پیداکردی گئی ہے۔ محکمہ پولیس کے خفیہ شعبہ کو اطلاع ملی تھی کہ گذشتہ دنوں ماؤسٹ قائد مادھوی چھتیس گڑھ سے بغر ض علاج تلنگانہ میں داخل ہوئی ہیں اور علاج کے بعد چھتیس گڑھ واپس ہوجائیں گی۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ اور چھتیس گڑھ پولیس کی جانب سے جنگلاتی علاقو ںمیں تلاشی میں شدت پیدا کرکے ماؤسٹ رکن کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔انٹلیجنس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ ہفتہ تلنگانہ میں مادھوی علاج کیلئے داخل ہوئی لیکن ان کی واپسی کے سلسلہ میں اب تک کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ دو یوم قبل ملوگو میں تین ماؤسٹوں کو پولیس نے انکاؤنٹر میں ہلاک کیا ہے اور 17 اکٹوبر کو سرکردہ ماؤسٹ قائد راما کرشنا کی موت ہوئی تھی ۔بتایاجاتا ہے کہ مادھوی ہیدما کی عمر 40 سال ہے اور وہ 10ویں تک تعلیم حاصل کرچکی ہیں ۔انہیں 2016میں مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا ۔ وہ چھوٹے کیڈر میں شمارکی جاتی تھیں لیکن بعد ازاں وہ سب سے کم عمر سنٹرل کمیٹی رکن بنائی گئیں ۔ مادھوی نے دنتے واڑہ کے علاوہ سکما کے حملوں میں کلیدی کردار ادا کیا تھا علاوہ ازیں انہیں بستر میں پولیس اور ماؤسٹوں کے درمیان ہونے والی مدبھیڑ میں بھی دیکھا گیا تھا۔محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بیمار ماؤسٹوں سے اپیل کی کہ وہ خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے اپنے علاج کی راہیں ہموار کریں۔پولیس عہدیداروں کا کہناہے کہ طبی سہولتوں کی عدم موجودگی اور بروقت علاج نہ ملنے کے سبب راما کرشنا اور ہری بھوشن کی موت واقع ہوئی ۔