تلنگانہ 2030ء تک ایرو انجن انڈسٹری کا دارالحکومت بن جائے گا : سریدھر بابو

   

آدی بٹلہ میں ایرو انجن یونٹ کا افتتاح، 425 کروڑ کی سرمایہ کاری، عالمی اداروں کی دلچسپی
حیدرآباد 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ ایرو اسپیس کے شعبہ میں بین الاقوامی اداروں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو یقینی بناتے ہوئے 2030ء تک ریاست کو ایرو انجن دارالحکومت میں تبدیل کیا جائے گا۔ سریدھر بابو نے آج ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمیٹیڈ اور سفران ایر کرافٹ انجنس کی جانب سے مشترکہ طور پر آدی بٹلہ میں ایرو انجن مینوفیکچرنگ سہولت کا ورچول افتتاح انجام دیا۔ دونوں اداروں نے مجموعی طور پر 425 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ذریعہ ایرو انجن کی تیاری سے متعلق آلات کا یونٹ قائم کیا ہے۔ سریدھر بابو نے اِس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ تلنگانہ حکومت نے ایرو اسپیس، ڈیفنس اور اسپیس ٹیکنالوجی جیسے شعبہ جات میں تلنگانہ کو عالمی مرکز کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اب اپنی شناخت موتیوں کے شہر کی حیثیت سے زائد دن تک برقرار نہیں رکھے گا بلکہ ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ سے ایرو اسپیس اور ڈیفنس اکسپورٹ 2023-24ء میں 15900 کروڑ تھا جو 2024-25ء کے ابتدائی 9 ماہ میں بڑھ کر 30742 کروڑ تک پہونچ چکا ہے۔ ایرو اسپیس کے شعبہ میں عالمی اداروں کی تلنگانہ سے دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ آدی بٹلہ میں قائم کردہ یونٹ میں ایر بس اور بوئنگ طیاروں میں استعمال کئے جانے والے انجنس اور دیگر آلات تیار کئے جائیں گے۔ نئے یونٹ کے ذریعہ 500 ماہرین کو روزگار حاصل ہوگا۔ سریدھر بابو نے ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبہ میں عالمی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہاکہ طیاروں کے بہتر مستقبل کو تیار کرنے تلنگانہ کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اِس موقع پر ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹم لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر سکارن سنگھ، ایکزیکٹیو ڈائرکٹر مسعود حسین، وائس پریسیڈنٹ ڈامنک ڈوپ، سفران ایر کرافٹ انجن کے وائس پریسیڈنٹ شیشانک، منیجنگ ڈائرکٹر انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن اور دوسرے شریک تھے۔1