پاکستانی اور بنگلہ دیشی افراد کے ناموں کی فہرست رائے دہندگان میں موجودگی کا الزام، بی جے پی قومی کارگزار صدرکا جنوری میں دورہ
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر این رامچندر راؤ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے تحت تلنگانہ میں SIR پر عمل آوری کی سفارش کی تاکہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کے ذریعہ غیر قانونی ووٹرس کے نام خارج کئے گئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور روہنگیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے نام غیر قانونی طریقہ سے فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بناتے ہوئے غیر قانونی ووٹرس کے نام حذب کرنے کی ضرورت ہے۔ رامچندر راو نے بتایا کہ بی جے پی کے ورکنگ پریسیڈنٹ نتن نبن سے ملاقات کے دوران تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ بی جے پی ورکنگ پریسیڈنٹ آئندہ ماہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کریں گے ۔ انہوں نے اسمبلی کا سرمائی سیشن کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوامی مسائل پر تفصیلی مباحث ہوسکیں۔ انہوں نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو مشورہ دیا کہ جمہوریت اور حکومت کو جوابدہ بنانے کیلئے پابندی کے ساتھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجالس مقامی اور گریٹر حیدرآباد کے چناؤ میں بی جے پی بہتر مظاہرہ کرے گی۔1