تلگواداکارہ اور ڈی سی پی ٹریفک کے مابین پارکنگ کے مسئلہ پر تنازعہ

   

ڈمپل ہیاتی پر ڈی سی پی کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہونچانے کا الزام ۔ مقدمہ درج
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) جوبلی ہلز جرنلسٹ کالونی کے این کے آر انکلیو میں پارکنگ مسئلہ پر ٹالی ووڈ اداکارہ اور ایک آئی پی ایس کے درمیان ٹھن گئی۔ اس پر جوبلی ہلز پولیس نے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جو تنازعہ کا شکار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ٹالی ووڈ اداکارہ ڈمپل ہیاتی اور راہول ہیگڈے ڈی سی پی ٹریفک I حیدرآباد این کے آر انکلیو اپارٹمنٹ میں کرایہ کے فلیٹس میں مقیم ہیں۔ ان دونوں میں کچھ دنوں سے پارکنگ کے مسئلہ ہپر اختلافات چل رہے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ اداکارہ ڈمپل ہیاتی نے اپنے ایک دوست ڈیوڈ کے ہمراہ ڈی سی پی کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا اور بعد ازاں اپنی مرسیڈیز کار سے ٹکر بھی دی۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا اور سوشیل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا جس میں یہ دکھایا گیا کہ اداکارہ ڈمپل رات کے وقت ڈی سی پی کی گاڑی کو نقصان پہنچایا۔ اس پر آئی پی ایس عہدیدار راہول ہیگڈے نے جوبلی ہلز پولیس میں اپنے ڈرائیور چیتن کمار کے ذریعہ تحریری درخواست داخل کی جس کے نتیجہ میں پولیس نے اداکارہ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 353 341 اور 279 کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کیلئے ڈمپل اور اس کے دوست ڈیوڈ کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے سی آر پی سی کی دفعہ 41 کے تحت نوٹس جاری کی اور جواب طلب کیا ہے۔ پولیس میں حاضری کے بعد اداکارہ نے ایک ٹوئیٹ میں یہ پیغام پہنچایا کہ پولیس عہدیدار اپنے عہدہ کا غلط استعمال کررہے ہیں اور ان کی غلطی نہ ہونے پر بھی قصوروار قرار دیا جارہا ہے۔ ڈمپل نے ایک آڈیو مسیج بھی سوشیل میڈیا پر روانہ کیا جس میں یہ دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف الزامات بالخصوص سرکاری ملازم پر حملہ کرنا وغیرہ غلط اور بے بنیاد ہے اور آئی پی ایس عہدیدار ذاتی مخاسمتکو قانونی شکل دے رہے ہیں۔ ڈی سی پی ٹریفک راہول ہیگڈے نے کہا کہ وہ اور اداکارہ ڈمپل ایک اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں اور گذشتہ چند دنوں سے وہ اپنی گاڑی اُن کی گاڑی کے سامنے پارک کررہی ہیں جس پر اختلافات ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ڈمپل سے کئی مرتبہ شخصی طور پر گذارش کی لیکن کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ ان کی سرکاری گاڑی کو پیر سے نقصان پہنچانے اور ٹکر دینے پر ان کے ڈرائیور نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور اپنی غلطی کو چھپانے اداکارہ نے ٹوئیٹ کیا اور سوشیل میڈیا پر غلط پیام بھیجا ۔ ہیگڈے نے بتایا کہ پولیس تحقیقات کے ذریعہ ہی حقیقت سامنے آئے گی۔ب