تلگودیشم ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو عدالت میں چیلنج

   

صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا کا اعلان، انضمام غیر دستوری اور غیر قانونی
حیدرآباد : تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا نے تلگودیشم کے دو ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کے فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے وینکٹ ویریا اور ایم ناگیشور راؤ کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی میں ضم کرتے ہوئے سکریٹری لیجسلیچر نے احکامات جاری کئے ہیں۔ سکریٹری لیجسلیچر کا اعلامیہ غیرقانونی، غیر دستوری ہے۔ انحراف قانون کے تحت ایک پارٹی سے منتخب ہوکر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو رکنیت سے نااہل قرار دینے کی گنجائش موجود ہے۔ تلگودیشم اِس معاملہ کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کا اس طرح انحراف عوامی فیصلے کی توہین ہے۔ تلگودیشم سے منتخب ہونے کے بعد ارکان اسمبلی کو چاہئے تھا کہ وہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے لیکن مختلف لالچ کا شکار ہوکر وہ ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ رمنا نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ تلنگانہ میں اپوزیشن کا صفایا کرنا چاہتے ہیں۔ جمہوریت میں اپوزیشن کے بغیر حکمرانی ڈکٹیٹرشپ کی علامت ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے اپوزیشن کو کمزور کرنے کے اقدامات نے نئی مثال قائم کی ہے اور آئندہ ٹی آر ایس بھی اِس کا شکار ہوسکتی ہے۔ اُنھوں نے اسپیکر اسمبلی سے مطالبہ کیاکہ وہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کے ٹی آر ایس میں انضمام کے احکامات کو کالعدم کریں اور دونوں ارکان اسمبلی کو تلگودیشم ارکان کی حیثیت سے اسمبلی میں شناخت برقرار رکھی جائے۔