وفاداروں، حقیقی سماجی خدمت گزاروں کو ترجیح، پارٹی قائدین کا اجلاس، چندرا بابو کو قطعی فیصلہ کا اختیار
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اپنا اثر دکھانے اور وجود کو ثابت کرنے کے لیے تلگو دیشم پارٹی کمربستہ ہوگئی ہے ۔ پارٹی کے وفاداروں ، حقیقی سماجی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کے لیے عوامی مقبولیت والے امیدواروں کے ناموں کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ ریاستی تلگو دیشم پارٹی کے سرکردہ قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں پارٹی کے قومی سیاسی امور کے انچارج کمباپاٹی راموہن راؤ نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا گریٹر حیدرآباد کے کنوینر ارویند گوڑ اور دیگر شریک تھے ۔ پارٹی نے اپنی سابقہ کارکردگی کی یاد تازہ کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں مقام پیدا کرنے کی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے ۔ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے 43 بلدی ڈیویژنس اور سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے 39 ڈیویژنس میں اپنا اثر قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی نے ہر بلدی ڈیویژن سے تین امیدواروں کے ناموں پر غور کررہی ہے اور اس سلسلہ میں خواہش مند امیدواروں سے درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں ۔ درخواستوں کی جانچ کے بعد تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے فہرست تیار کی جائے گی تاہم قطعی فیصلہ پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کا ہوگا ۔ جنہیں فہرست روانہ کی جائے گی ۔ امکان ہے کہ اندرون دو دن تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے بلدی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوگا ۔ اس دوران انتخابات میں مقابلہ کے خواہش مند امیدواروں کے سبب تلگو دیشم پارٹی آفس کافی عرصہ کے بعد سرگرم دکھائی دے رہا تھا ۔۔