جمہوری طاقتوں کو متحد کرنے کی مساعی، ٹی آر ایس اور بی جے پی پر تنقید
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ ریاستی صدر ایل رمنا نے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کے خلاف جمہوری طاقتوں کو متحدہ طور پر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست میں بی جے پی۔ٹی آر ایس حکومتیں جمہوریت اور دستور کے خلاف حکمرانی کررہے ہیں۔ دونوں حکومتوں نے جمہوری اصولوں اور قواعد کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان اسمبلی اور قائدین کو ٹی آر ایس میں انحراف کی ترغیب دیئے جانے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس اپوزیشن کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ عوام کی جانب سے اٹھائی جانے والی آوازوں کو دبانے کے لیے ٹی آر ایس سازش کررہی ہے۔ ایسے میں ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کے خلاف جمہوری طاقتوں کو متحدہ جدوجہد کرنی چاہئے۔ تلگودیشم پارٹی کے تمام سطح قائدین اور کارکنوں نے موجودہ صورتحال میں لوک سبھا انتخابات سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کے خلاف جدوجہد کرنے والے جمہوری طاقتوں کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایل رمنا نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرتے ہوئے عظمت رفتہکو بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر ایس نظریات کو چندرا بابو نائیڈو آگے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، ایسے میں ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔