تلگودیشم رکن اسمبلی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت

   

حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) تلگودیشم کے رکن اسمبلی راجم پیٹ ایم ملکارجن ریڈی نے پارٹی صدر چندرابابو نائیڈو کے غیر جمہوری رویہ پر تنقید کرتے ہوئے تلگودیشم سے استعفیٰ دے دیا اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی سے آج یہاں ملاقات کے بعد اُنھوں نے کہاکہ میرا تلگودیشم میں رہنا مشکل ہوگیا تھا۔ پارٹی میں کوئی جمہوریت نہیں ہے اور نہ ہی اقدار کو اہمیت دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے حامی کی حیثیت سے میں نے فیصلہ کیاکہ مجھے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں ہی شامل ہونا چاہئے اور جگن موہن ریڈی کی حرکیاتی قیادت کے تحت کام کرنا چاہئے۔ چندرابابو نائیڈو اور وائی ایس جگن موہن ریڈی کے درمیان جمہوری اقدار میں بہت بڑا فرق پایا جاتا ہے۔ چندرابابو نائیڈو پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ مویشیوں جیسا برتاؤ کررہے ہیں۔ آندھراپردیش میں دو پارٹیوں تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کے درمیان نظریات کا تفاوت پایا جاتا ہے۔