تلگودیشم قائدین کو انتخابات اور تحفظ آندھراپردیش کیلئے تیار رہنے کا مشورہ

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اے پی میں تلگودیشم کی امکانی کامیابی پر خوفزدہ ، چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد /2 جنوری ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ ریاست کا تحفظ کرنے کیلئے آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے کمربستہ ہوجائیں ۔ کیونکہ بعض طاقتیں تلگودیشم اور آندھراپردیش کے ساتھ انتقامانہ رویہ اختیار کی ہوئی ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی سخت محنت و جدوجہد کے ذریعہ تلگودیشم کی دوبارہ شاندار کامیابی کیلئے اقدامات کرنے کی پارٹی قائدین و کارکنوں سے پرزور اپیل کی ۔ وہ آج تلگودیشم قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغاز ہوا نیا سال انتخابات کا سال ہے ۔ آئندہ چند ماہ بعد انتخابات منعقد ہوں گے اور جو وقت انتخابات کیلئے مل رہا ہے انتہائی قیمتی وقت ہے اور اس قیمتی وقت کو ضائع نہ کرتے ہوئے عوام سے رجوع ہوکر تلگودیشم کی کارکردگی سے واقف کرکے تلگودیشم کو کامیاب بنانے کیلئے ذہن بنائیں ۔ صدر تلگودیشم نے کہا کہ آندھراپردیش کے ساتھ اگر تعاون کریں گے تو ترقی میں آندھراپردیش ، گجرات سے آگے بڑھ جانے کا نریندر مودی کو خوف لاحق ہوچکا ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ہی آندھراپردیش کے ساتھ تعاون نہ کرتے ہوئے قدم قدم پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ۔

علاوہ ازیں نریندر مودی غیر مہذب انداز میں ان کے اور آندھراپردیش کے تعلق سے ریمارکس کر رہے ہیں ۔ صدر تلگودیشم نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست کے دورہ پر انہیں عوام کی جانب سے سختی کے ساتھ جھنجوڑے جانے کے خوف سے ہی مسٹر نریندر مودی نے ریاست کے دورہ کو منسوخ کردیا ہے ۔ اگر ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر اپنی نااہلی کے بے نقاب ہونے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو خوف لاحق ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے کہا کہ اپنے کیسوں کو معاف کروالینے کیلئے ہی جگن موہن ریڈی اقتدار کے حصول کیلئے کوشاں ہیں اور اقتدار کیلئے نریندر مودی کے سی آر اور جگن موہن ریڈی ملکر آندھراپردیش کے دشمن بن گئے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین سے سخت الفاظ میں کہا کہ وہ تینوں مودیوں کے ساتھ اپنی لڑائی لڑ رہے ہیں ۔ لہذا حکومت کی جانب سے کئے ہوئے اچھے کاموں کی عوام میں شناخت بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا ۔