حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) سینئر قائد و صدر ضلع تلگودیشم پارٹی کھمم مسٹر کے ستیہ نارائنا نے تلگودیشم پارٹی سے استعفیٰ دیکر اب بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور بتایا کہ 18 اگست کو شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے بڑے جلسہ عام کے موقع پر کارگذار قومی صدر بی جے پی مسٹر نڈا کی موجودگی میں مسٹر ستیہ نارائنا بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ دنوں کے دوران مسٹر امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ملاقات کرکے بی جے پی میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اسی روشنی میں اب بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور سابق وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤنے سال 2014ء میں منعقدہ انتخابات کے موقع پر ہی تلنگانہ راشٹراسمیتی میں شامل ہونے کی خواہش کی تھی لیکن اس وقت بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے سے واضح طور پر انکار کیا تھا۔ علاوہ ازیں حلقہ اسمبلی کتہ گوڑم سے ٹی آر ایس ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کرنے پر پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس واضح تیقن کے باوجود مسٹر ستیہ نارائنا نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی لیکن اب تلگودیشم پارٹی سے مستعفی ہونے اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی اہم وجہ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا چونکہ اب ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کا کوئی درخشاں مستقبل ہرگز نہیں ہے جس کے پیش نظر اپنے سیاسی مستقبل کا تحفظ کرلینے کے مقصد سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گذشتہ زائد از 30 سال سے تلگودیشم پارٹی سے ہی وابستہ رہے۔
