تلگودیشم مہاناڈو : وفادار قائدین کو موقع دینے کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔28 مئی ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے مہاناڈو پروگرام کے دوسرے دن آج پارٹی قیادت پر زبردست دباؤ ڈالا گیا ۔ پارٹی چھوڑنے والے قائدین پر تنقید کرتے ہوئے پارٹی صدر سے گذارش کی گئی کہ وہ سچے و وفادار کارکنوں اور قائدین کو استحکام بخشیں ۔ پارٹی کے سینئر قائد و سابق وزیر جے نہرو نے صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو پر زور دیا کہ وہ ایسے کارکنوں کو پروان چڑھائیں جو پارٹی کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں ۔ انہوں نے حالیہ دنوں پارٹی چھوڑنے والے قائدین ایم ۔گیری اور ومشی بالرام پر تنقید کی اور کہا کہ ایسے قائدین جنہوں نے اب تک پارٹی کو چھوڑا ہے اور چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں ایسے قائدین کو نہرو نے موقع پرست قرار دیا اور کہا کہ ایسے قائدین جو اقتدار میں پارٹی سے وابستگی اور اپوزیشن میں پارٹی سے دوری اختیار کرتے ہیں ان کی نشاندہی ہونی چاہیئے ۔ پارٹی قائد نہرو نے چندرا بابو پر زور دیا کہ وہ ایسے کارکنوں اور قائدین کی نشاندہی کریں اور انہیں ہر لحاظ سے مدد کریں جو پارٹی کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں اور ہر حال میں پارٹی سے وابستہ ہیں ، انہیں چھڑانے اور انہیں مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں جو نچلے سطح سے پارٹی کو مضبوط کرنے میں مصروف رہتے ہیں ۔