حیدرآباد 29 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش اور تلنگانہ میں مستقل اساس پر تلگودیشم پارٹی کی موجودگی تاریخی اہمیت کی حامل ثابت ہوگی کیوں کہ تلگو افراد جہاں کہیں بھی رہیں ان کی خوشحالی کے خواہشمند رہنے والی تلگودیشم پارٹی ہی ہے۔ قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے متحدہ ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی پرزور تردید کی کہ ریاست تلنگانہ پر وہ اپنی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اُنھوں نے ہمیشہ دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کرتے آئے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پارٹی قائدین و کارکنوں سے بھی پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے اور حکومت کی غلط پالیسیوں اور مخالف عوام اقدامات سے عوام کو واقف کرواکر تلگودیشم پارٹی کے ساتھ ہوجانے کی ترغیب دیں۔ چندرابابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہاکہ محض سابق تلگودیشم حکومت میں کئے گئے بعض انتہائی اہم ترین اقدامات کی وجہ سے آج شہر حیدرآباد نہ صرف بڑے پیمانے پر ترقی حاصل کیا بلکہ دنیا کے نقشہ میں بھی شہر حیدرآباد کو ایک خصوصی مقام حاصل ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ امید و توقع کے ذریعہ مناسب اقدامات کرنے کے عادی ہیں اور کسی وقت بھی وہ کسی بھی معاملہ میں مایوس اور نااُمید ہونے والے قائد نہیں ہیں۔
