تلگودیشم کی اکثریت سے متعلق چانکیہ کے سروے کی تردید

   

Ferty9 Clinic

وجئے واڑہ ۔ 8اپریل ( این ایس ایس ) سروے کے قومی ادارہ چانکیہ نے آج وضاحت کی کہ آندھراپردیش میں انتخابات کے بارے میں اس نے کوئی سروے نہیں کیا ہے ۔ چانکیہ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ( تلگودیشم پارٹی کے دوست و حامی ) میڈیا کے ایک گوشہ نے ایک سروے رپورٹ پیش کی ہے جس سے اس ( چانکیہ ) کا کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ اس نے یہ سروے نہیں کیا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میڈیا کے ایک گوشہ نے غالباً عوام کو گمراہ کرنے کے ارادہ سے ایک رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا تھا کہ آج کے چانکیہ سروے کے مطابق آندھراپردیش اسمبلی میں تلگودیشم کو 101نشستیں حاصل ہوں گی اور جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 71 نشسوں پر اکتفا کرنا پڑے گا ۔ اس سے پہلے بھی تلگودیشم کے حامی ایک میڈیا ادارہ نے لوک نیتی ۔ سی این ڈی ایس کے کام سے ایک سروے رپورٹ شائع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست میں تلگودیشم کو اکثریت حاصل ہوگی لیکن لوک نیتی ۔ سی این ڈی سی نے بھی کوئی سروے کرنے کی تردید کردی تھی ۔ وائی ایس آر کانگریس نے اس قسم کے فرضی سروے رپورٹس کی اشاعت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کے سربراہ شکست کے خوف سے مایوس ہوکر کسی بھی سطح تک نیچے پہنچ سکتے ہیں ۔